9 نومبر 2026 - 14:00
بحرین کے علما کا محاکمہ دراصل دین کی تبلیغ اور مظلوموں کی حمایت کرنے کی سزا ہے، آیت اللہ رمضانی

عالمی اہل بیت اسمبلی کے سیکرٹری جنرل آیت اللہ رمضانی نے بحرین اور کویت کے علما کے خلاف عدالتی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان علما کو محض دین کی تبلیغ، ظلم کے خلاف آواز اٹھانے اور مظلوموں کی حمایت کرنے کے جرم میں مقدمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے مظالم پر خاموش رہنا جائز نہیں۔

اہل بیت نیوز ایجنسی (ابنا) کے مطابق،آیت اللہ رمضانی نے اپنے آج کے درسِ خارج کے آغاز میں بحرین اور کویت کے علما کے محاکمے کا ذکر کرتے ہوئے ان اقدامات کو بین الاقوامی قوانین اور ضابطوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔

انہوں نے بعض عرب ممالک میں شہریوں کی شہریت منسوخ کرنے اور انہیں اپنے وطن سے بے دخل کرنے کے واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے مطابق کسی شہری کی شہریت چھیننا اور اسے اپنی سرزمین سے نکالنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔ تاہم، ان کے بقول، جب اقتدار ظالم، جاہل اور بیرونی طاقتوں کے تابع حکمرانوں کے ہاتھ میں آجائے تو ایسے شرمناک اور ظالمانہ فیصلے کیے جاتے ہیں جو مسلمانی اور انسانیت دونوں کے لیے باعثِ شرمندگی ہیں۔

آیت اللہ رمضانی نے کویت کے معروف عالم دین علامہ شیخ معتوق کی شخصیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تمام تر جدوجہد اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے احیا کے لیے ہے۔ وہ درسِ خارج دیتے ہیں، ان کی متعدد کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور انہوں نے کویت میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ کویت کے شیعہ انہیں اپنا رہنما تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے علامہ شیخ معتوق کو ایک بااخلاق، مؤدب، متشرع اور متواضع شخصیت قرار دیا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے عالم دین کے لیے سزائے موت کا حکم کیسے صادر کیا جاسکتا ہے؟ ان کی پوری زندگی کا جائزہ لیا جائے تو تدریس اور دین کی تبلیغ کے سوا ان کا جرم کیا ہے؟ ان کے بقول، ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انہوں نے ظلم و جبر کے خلاف آواز اٹھائی اور دنیا میں ہونے والے جرائم پر احتجاج کیا۔ آیت اللہ رمضانی نے سوال کیا کہ یہ فیصلہ کس عدل، کس قرآنی آیت اور کس روایت کی بنیاد پر کیا گیا ہے؟

انہوں نے کہا کہ کیا بعض علاقائی حکمرانوں کے نزدیک مظلوم کی حمایت بھی جرم بن چکی ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات میں ظالم کے مقابلے میں کھڑے ہونے اور مظلوم کی مدد کرنے کا حکم دیا گیا ہے، مگر آج صورت حال یہ ہے کہ ظلم کی حمایت کو قدر اور مظلوم کی حمایت کو جرم سمجھا جا رہا ہے۔ گویا تمام اقدار الٹ کر رکھ دی گئی ہیں۔

آیت اللہ رمضانی نے بحرین کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے حکام خود کو مسلمان کہتے ہیں، لیکن انہوں نے اپنے ملک کو کفریہ طاقتوں کا اڈہ بنا رکھا ہے۔ ان کے بقول، آج یہی طاقتیں حملے اور جارحیت کر رہی ہیں، بچوں کو شہید کر رہی ہیں، سائنس دانوں اور فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنا رہی ہیں اور عالم اسلام کی ایک بڑی شخصیت، شہید امام خامنہ ای کو بھی شہید کرچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ان اڈوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے تو سوال اٹھایا جاتا ہے کہ ایک اسلامی ملک پر حملہ کیوں کیا گیا؟ آیت اللہ رمضانی نے وضاحت کی کہ ان کے بقول، کارروائیوں کا ہدف اسلامی ممالک نہیں بلکہ وہ فوجی اڈے تھے جہاں سے کفریہ طاقتیں اسلامی ممالک اور بچوں کو نشانہ بنا رہی تھیں۔ انہوں نے ان کارروائیوں کو دفاعی قرار دیا۔

بحرین کے علما کا ذکر کرتے ہوئے آیت اللہ رمضانی نے کہا کہ وہ ان میں سے بعض شخصیات کو ذاتی طور پر جانتے ہیں۔ ان کے مطابق، یہ ممتاز علما، مجتہدین اور مبلغین ہیں جن کی بنیادی فکر دین کی تبلیغ اور تفسیر ہے، لیکن آج انہیں مقدمات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید امام کی شہادت کے بعد کویت اور بحرین میں بعض افراد نے اپنے موبائل فونز پر صرف ’’انا للہ و انا الیہ راجعون‘‘ لکھا تھا۔ ان کے بقول، حکام نے اسی بات کو بہانہ بنا کر متعدد علما اور عام شہریوں کو گرفتار کرلیا، جو عالم اسلام کی ایک بڑی شخصیت کی شہادت پر اپنے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہے تھے، اور انہیں جیلوں میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

آیت اللہ رمضانی نے بتایا کہ اس وقت 60 سے زائد علما کو مقدمات کا سامنا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ان کا جرم کیا ہے؟ ان کا قصور دین کی تبلیغ، ظلم کے خلاف جدوجہد اور قرآن و احادیث کی تعلیمات پر عمل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں ہمیشہ ایسا ہوتا آیا ہے کہ حق کا راستہ اختیار کرنے والوں کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑتی ہے اور یہ علما بھی اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں خاموش رہنا ہرگز درست نہیں۔ اگر آج ہم خاموش رہے تو کل یہی مظالم دوسروں کے خلاف بھی دہرائے جائیں گے اور اس وقت سوال ہوگا کہ آپ نے ہمارا دفاع کیوں نہیں کیا؟ ان کے مطابق، اگر ہم آج مظلوموں کا دفاع کریں گے تو کل دوسرے بھی ہمارا دفاع کریں گے۔ اس لیے ہر شخص کو اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔

آیت اللہ رمضانی نے آخر میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مجرموں کو ان کے اعمال کی سزا دے اور یہ واقعات ظہورِ حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی تمہید بنیں، تاکہ ایک ایسی دنیا قائم ہو جہاں غربت، ناانصافی اور امتیازی سلوک کا خاتمہ ہو اور انسانیت عدل کا حقیقی ذائقہ چکھ سکے۔ش

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha